ایم آئی ٹی کی کمپیوٹر سائنس اینڈ آرٹی فیشل انٹیلی جنس لیبارٹری کے محققین نے ایک ہائی ریزولوشن ، تھری ڈی موشن ٹریکنگ سسٹم تیار کیا ہے جو دیوار اور دیگر رکاوٹوں کے پار بھی کام کرسکتا ہے۔ یہ سسٹم ایک جگہ پر مستقل طور پر کمپیوٹر کے ساتھ نصب ہوتا ہے اور کسی چلتے پھرتے شخص کو پورے گھر میں انتہائی درستگی کے ساتھ ٹریک کرسکتا ہے۔ حتیٰ کہ اگر وہ شخص کسی دیوار کے پیچھے چلا جائے تو بھی یہ سسٹم اس کی پوزیشن شناخت کرسکتا ہے۔ اس سسٹم کی ریزولوشن بھی زبردست ہے جس کی وجہ سے یہ دیوار کے پیچھے سے کئے گئے اشاروں ( ہاتھ کا اشارہ یا جسم کی کوئی مخصوص حرکت) کو بھی آسانی سے شناخت کرسکتا ہے۔
وائی ٹریک انتہائی سادہ اور سستا سسٹم ہے۔ جبکہ اس کے مقابل مائیکروسافٹ Kinect عام اور انفرا ریڈ کیمروں کی مدد سے ٹریکنگ کرتا ہے (اسے کمپیوٹر وژن کہا جاتا ہے) ۔ یہی وجہ ہے کہ کنکٹ رکاوٹوں کے پار کام نہیں کرتا۔ کیمروں کی مدد سے حاصل شدہ ڈیٹا کو سمجھنے کے لئے اسے ایک پیچیدہ الگورتھم سے گزارا جاتا ہے۔ اس کے مقابلے میں وائی ٹریک میں کیمرے استعمال ہی نہیں کئے جاتے اور پروسسینگ کا کام بھی سادہ ہے۔
وائی ٹریک وائرلیس ٹریک کا مخفف ہے اور یہ اشیاء (یا شخص) کی حرکت کو ریڈیو ویووز کے ذریعے شناخت کرتا ہے۔ یہ ریڈیو وویوز انتہائی کم قوت کی ہوتی ہیں۔ محققین کے مطابق یہ وائی فائی سگنلز کی قوت سے 100 گنا کمزور اور موبائل فون کی شعاعوں سے 1000 گنا تک کمزور ہوتی ہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان ریڈیو ویووز کی قوت 1 سے 2 ملی واٹ تک ہوسکتی ہے۔ اس سسٹم میں کل 4 انٹینا نصب ہوتے ہیں۔ ایک انٹینا سے ریڈیو ویووز نشر کی جاتی ہیں جبکہ باقی تین انٹینوں سے نشر کی گئی شعاعوں کو وصول کیا جاتا ہے
No comments:
Post a Comment